ہائیکورٹ کا قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا ہے اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کو جدید طرز پر پوائنٹ سسٹم سے منسلک کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں پوائنٹ سسٹم شامل کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں شہریوں کو ٹریفک سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، نئے ڈرائیونگ لائسنس میں پوائنٹس شامل کئے جائیں گے۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ بار بار خلاف ورزی کرنےوالوں کے پوائنٹس کم ہونے سے لائسنس منسوخ کیا جا سکے گا، اس سلسلے میں عدالت نے نئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءمیں پوائنٹ سے متعلق قائم کمیٹی سے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔،دریں اثناءعدالت نے بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سڑکوں پر اوور سپیڈنگ کرنے والو ں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کر دی،عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو کو 17 دسمبر کو جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔