تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کا انتقال، پی آئی اے نے جنازے میں شرکت والوں کو لوٹنا شروع کر دیا

لاہور: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ ڈینگی بخار کی حالت میں لاہور کے نجی اسپتال میں دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

زندگی بھر اسلام کی دعوت دینے والے حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی جائے گی۔

حاجی عبدالوہاب کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب تھا اور 1923 میں دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ٹوپیاں والا بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہو گئے. انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیے۔

مولانا عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔

انتقال پر اظہار افسوس

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مولانا عبد الوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی اسلام کی دعوت و تبلیغ کا کام کیا، اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے مولانا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور عالم دین ان کی شخصیت اور گراں قدر دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

حمزہ شہباز نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حاجی عبدالوہاب کا انتقال عالم اسلام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے،انہوں نے امن، محبت، بھائی چارے، خدمت گزاری کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا، اللہ کریم مولانا عبدالوہاب سے وابستہ تمام افراد کو صبر عطا فرمائے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے تبلیغی جماعت کے امیر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کے انتقال سے مسلم دنیا ایک جید عالم سے محروم ہوگئی

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رش

تبلیغی جماعت کے امیر مولانا حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جانے والے خواہشمندوں کی بڑی تعداد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی جب کہ مسافروں نے کرائے میں اضافی کی بھی شکایت کی ہے۔ پی آئی اے اور نجی ایر لائنز کے طیاروں میں مطلوبہ نشستیں دستیاب نہیں جب کہ مسافروں نے شکایت کی ہے کہ رش بڑھتے ہی ایرلائینز نے کرائے میں اضافہ کردیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ لاہور کا کرایہ 40 ہزار تک وصول کیا جا رہا ہے

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کراچی سے دوپہر تین بجے لاہور کے لیے 400 نشستوں والا بوئنگ 777 طیارہ روانہ ہوگا اور شام 7 بجے پی آئی اے کی ایک اور پرواز بھی لاہور جائے گی.