اسلام آباد پولیس نے فیصل رضا عابدی کو گرفتارکرلیا

سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے سابق رہنما عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ان کے وکیل عمرے پر گئے ہیں لہٰذا ان کی واپسی یا دوسرا وکیل کرنے تک کیس ملتوی کیا جائے۔

عدالت نے فیصل رضا عابدی کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔فیصل رضا عابدی نے اس کیس میں راہداری ضمانت کرارکھی ہے۔

دوسری جانب فیصل رضا عابدی جب سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد باہر آئے تو واپس جاتے ہوئے شاہراہ دستورپر اسلام آباد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق فیصل رضا عابدی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ترجمان سپریم کورٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جس میں انہیں گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔