جمائما گولڈ سمتھ: ’اگر کتاب برطانیہ میں چھپی تو ہتکِ عزت کا دعویٰ کروں گی‘

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے کہا ہے کہ اگر ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں شائع کی گئی تو ہرجانے کا دعوی کریں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی دوسری بیوی ریحام خان نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ایک کتاب شائع کر رہی ہیں جس میں عمران خان کے بارے میں اپنے مشاہدات کو سامنے لائیں گے۔

ریحام خان کی کتاب کا جو مسودہ انٹرنیٹ پر کچھ روز پہلے سامنے آیا ہے اس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کتاب میں انھوں نے عمران خان کے بیٹے اور صہیونی لابی کے سازشی نظریوں کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا ہے۔

جمائما خان اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ مجھے ذمہ داری سے بتایا گیا ہے کہ ریحام خان کی کتاب انتہائی ہتک آمیز ہے اور برطانیہ میں چھپنے کے قابل نہیں ہے لیکن اگر وہ برطانیہ میں چھپی تو میں اپنے بیٹے کی، جس کی عمر اس وقت سولہ سال تھی، جانب سے اس کی نجی زندگی میں بے جا مداخلت اور گھسے پٹے صہیونی لابی کے سازشی نظریے پر عدالت میں جاؤں گی۔‘

اس کے بعد ریحام خان نے حمزہ علی عباس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا نوٹس جاری کیا کہ انھوں نے اگر چودہ روز میں معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف پانچ ارب روپے کا ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

ریحام خان کے حمزہ علی عباسی کو قانونی چارہ جوئی کے نوٹس جاری ہونے کے بعد پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم سمیت چار افراد نے بھی ریحام خان کو نوٹس جاری کیے ہیں کہ اگر یہ کتاب چھاپی گئی تو وہ ریحام خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے